راولپنڈی۔14جون (اے پی پی):چار ملکی فٹبال ٹورنامنٹ میں کینیا نے پاکستان کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے شکست دے دی ، کینیا کی طرف سے واحد اور فیصلہ کن گول شوما موسس نے کیا، پاکستان کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری شکست ہے ،
پاکستان فٹ بال فیڈریشن ( پی ایف ایف) کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پاکستان اور کینیا کی ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا، کینیا کے کھلاڑیوں نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور 17 ویں منٹ میں شوما موسس کے گول کے ذریعے برتری حاصل کر لی،
پاکستان کو 39 ویں منٹ میں میچ برابر کرنے کا موقع ملا مگر حسن بشیر گیند جال میں پہنچانے میں ناکام رہے ، اس طرح پہلا ہاف کینیا کی برتری پر ختم ہوا ، دوسرے ہاف میں پاکستان نے میچ برابر کرنے کی سرتوڑ کوشش کی مگر کینیا کے دفاعی کھلاڑیوں نے کوئی موقع نہ دیا، اس طرح کینیا نے میچ 0-1 گول سے جیت لیا ،
پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں میزبان ماریشیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ، واضح رہے پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا اور آخری میچ 17 جون کو جبوتی کے خلاف کھیلے گی ۔