چاغی۔26 جنوری (اے پی پی):پاک ایران سرحدی سفری راہداری باقاعدہ طور پر کھول دی گئی ۔ راہداری گیٹ تین سال کی بندش کے بعدکھولا گیا ہے ،اس گیٹ سے سرحدی علاقوں کے عوام پندرہ روزہ خصوصی اجازت نامے کے تحت دونوں ممالک کی سرحدی علاقوں میں جاکر اپنے رشتہ داروں سے مل سکیں گے۔
بدھ کو اسسٹنٹ کمشنر تفتان بلال شبیر نے سرکاری افسران اور قبائلی عمائدین کے ہمراہ راہداری گیٹ دوبارہ کھولنے کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا اس موقع پر ایرانی سرحدی ضلعے میر جاواہ کے مرزبان گریڈ دوئم بھی موجود تھے جنہیں اسسٹنٹ کمشنر تفتان نے مٹھائیوں کا تحفہ بھی پیش کیا۔
خیال رہے ایرانی حکام نے راہداری گیٹ کو فروری 2020 سے بند رکھا تھا جسے کھولنے کے متعلق دونوں ممالک کے حکام کے درمیان مشترکہ اجلاسوں میں کئی بار تبادلہ خیال ہوا تاہم گزشتہ ریگولر بارڈر کمیٹی کے اجلاس میں راہداری گیٹ کھولنے پر اتفاق ہوگیا جس کی ڈپٹی کمشنر چاغی حسین جان بلوچ نے بھی تصدیق کی تھی۔