چاغی۔05 فروری (اے پی پی):ملک بھر کی طرح ضلع چاغی میں بھی یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی ہائی سکول دالبندین میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چاغی علی رضا کھوسہ اسسٹنٹ کمشنردالبندین عبدالباسط بزدار نے تقریب سے قبل پاکستان اور کشمیر پرچم کشائی کی ۔ اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کشمیر سےاظہاریکجہتی کےلیے زنجیر بنائی ۔
پرچم کشائی کے بعد گورنمنٹ مرکزی ہائی سکول دالبندین کے میوزیم ہال میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف اسکولوں کے طلباء ، قبائلی عمائدین اور مختلف طبقہ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چاغی علی رضا کھوسہ اور اسسٹنٹ کمشنر دالبندین عبدالباسط بزدار نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،
بھارت کی ظلم کو پوری دنیا کے سامنے رکھ کرکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرینگے ، ہندو پنچائیت کی ایک بڑی تعداد کونسلر برج لال کی سربراہی میں مختلف پروگراموں میں شریک رہی۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چاغی علی رضا کھوسہ اور اسسٹنٹ کمشنردالبندین عبدالباسط بزدار کی قیادت میں کشمیریوں کے حق میں اور بھارتی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی گئی۔