چالیس فیصد انفیکشن بغیر علامات والے متاثرین سے پھیل رہا ہے، عالمی ادارہ صحت

80

جنیوا ۔ 11 جون (اے پی پی) عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ تقریباً چالیس فیصد کورونا وائرس پھیلانے کے ذمہ دار وہ افراد ہیں جن میں یہ وائرس تو موجود ہے لیکن علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ عالمی ادارہ صحت کے صحت سے متعلق ہنگامی واقعات پروگرام کے سربراہ مائیکل ریان اور کورونا وائرس سے متعلق ردعمل کی تکنیکی سربراہ ماریا وانکرکوف نے گذشتہ روز سماجی میڈیا کے ساتھ سوال جواب سیشن میں یہ انکشاف کیا۔ وانکرکوف نے کہا کہ بعض افراد جن میں علامات کا فقدان ہو، وہ یہ وائرس دوسروں کو منتقل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بغیر علامات والے اِن متاثرین میں بھی اْتنا ہی انفیکشن موجود ہوتا ہے جتنا علامات والے متاثرین میں۔انہوں نے مشورہ دیا کہ اْن علاقوں میں جہاں وائرس پھیل رہا ہو اور لوگ سماجی فاصلہ نہ رکھ سکتے ہوں تو وہ چہرے پر ماسک پہنیں۔ ریان نے واضح کیا کہ وائرس منہ کے قریب سانس کی نالی کے اوپر والے حصے میں موجود ہوتا ہے جو مارس اور سارس کے مرض سے مختلف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجزیوں سے تاثر ملتا ہے کہ متاثرہ فرد کے اونچی آواز میں بولنے یا سخت ورزش کے دوران سانس پھولنے سے بھی یہ وائرس دوسروں کو منتقل ہو سکتا ہے۔