کراچی۔ 22 اپریل (اے پی پی):میئرکراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی واضح طور پر شہر کے مسائل کے حل کی جانب بڑھ رہی ہے، تنقید کرنے والے تنقید کرتے رہیں گے، ہمارا نصب العین کام اور صرف کام ہے،ا لیکشن میں ہمارا ایک ہی منشور تھا، لوگوں کی خدمت اور خدمت، اولڈ سٹی ایریا کراچی کی پہچان ہے، چالیس ملین روپے کی لاگت سے اولڈ سٹی ایریا کی گلیوں کو پختہ کیا جارہا ہے،
پیپلز پارٹی کا ایک ایک کارکن شہریوں کے مسائل حل کرنے میں لگا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مچھی میانی مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں میں سی سی فلورنگ اور سڑکوں کی استرکاری کے کاموں کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندو ں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد،پیپلزپارٹی ضلع جنوبی کے صدر خلیل ہوت، میئرکراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی اور پاکستان پیپلز پارٹی، ضلع جنوبی کے منتخب نمائندے اور دیگرمقامی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔
میئرکراچی نے کہا کہ سوا سال قبل اسی علاقے میں بلقیس ایدھی پارک کی تعمیرکے ساتھ مختلف گلیوں کو پختہ کیا گیا تھاجس سے یہاں کے مکینوں کو سہولت حاصل ہوئی، پوری کوشش ہو گی کہ یہاں شروع کئے جانے والے کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، کراچی کی تعمیرو ترقی پیپلزپارٹی کا وژن ہے جس کے تحت کراچی کے ہر علاقے میں بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر اور پائیدار بنانے کے ساتھ ساتھ مزید ترقیاتی کام کروائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ کام کرتے ہوئے مسائل کا سامنا ضرور کرنا پڑتا ہے مگر میں ہمیشہ کام اور ترقی کی بات کرتا ہوں،دیگر ٹانزکے چیئرمینز سے بھی کہتا ہوں آئیں شہرکے وسیع تر مفاد میں مل کر کام کرتے ہیں تاکہ عام آدمی کو اس سے فائدہ پہنچے اور ان کے مسائل حل ہوں۔ میئر کراچی نے کہاکہ پی ٹی آئی ایک کنفیوژ سیاسی جماعت ہے، اس حقیقت کو سمجھنا چاہئے کہ اگر ریاست کو نقصان پہنچا توسب کو نقصان پہنچے گاجس پارٹی کا لیڈرخود یوٹرن لیتا رہا ہو اس کے دیگر نمائندے بھی یوٹرن لے رہے ہیں، پی ٹی آئی کا بیانیہ ایک مجرمانہ بیانیہ ہے
، پی ٹی آئی کے بیانیہ کی مذمت کرتا ہوں، پولیس نے بہادری سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا اور کراچی شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا، کراچی پولیس آفس ہو یا اسٹاک ایکسچینج یا پھر لانڈھی، ہر جگہ قانون نافذ کرنے والے ادروں نے مل کردہشت گردی کی کوششوں کو ناکام بنایا اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے ادارے دہشت گردوں سے ہر وقت مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پولیس کی ساکھ کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے اور ان کا بیان شرمناک ہے، ایم کیو ایم کے دور میں اس شہر نے بلدیہ فیکٹری آتشزدگی جیسے سانحات دیکھے، اس دورمیں شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری عروج پر دیکھی گئی جس کے باعث کراچی کو نقصان پہنچا۔
ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہاکہ جب میں آیا تو ہم نے واٹر مافیا کے خلاف آپریشن کیا اور غیر قانونی کنکشن منقطع کئے،فراہمی آب کیلئے ہماری حب ڈیم کی اسکیم تیار ہوچکی ہے، اگلے ایک سال کے اندر حب کنال پر کام میں تبدیلی نظر آئے گی، ملیر میں بھی دو ارب روپے لاگت کے منصوبے پر جلد کام شروع کررہے ہیں۔