لاہور۔3اپریل (اے پی پی):ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران نے کہا ہے کہ جاں باز پولیس فورس کی محنت، فرض شناسی سے شہر میں امن و امان قائم ہے، بہادر افسران وجوانوں کی کارکردگی کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں جان کی پرواہ کئے بغیر فائرنگ سے خاتون سمیت 04 افراد کوزخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرنے والے بہادر افسران واہلکار کو تعریفی اسناد و نقد انعامات دیتے ہوئے کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال بھی اس موقع پر موجودتھے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے افسران وجوان کی کارکردگی کو سراہا۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں ایس ایچ او مغلپورہ سب انسپکٹر محمد نسیم خان، سب انسپکٹر رضوان اور کانسٹیبل ساجدشامل تھے۔ فیصل کامران نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق خواتین کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے،بہادر اہلکاروں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر خاتون کو بچایااور ملزم کو گرفتار کیا،ہمارے بہادر سپاہی شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔ یادرہے کہ چاند رات کوفائرنگ کا وقوعہ پیش آیا جس میں ملزم نے کرن نامی خاتون کو تشدد کانشانہ بنانے سے روکنے پر فائرنگ کی جس سے چارافراد بشمول خاتون زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس نے ون فائیو کال پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم چاند عرف ببلاکو موقع سے گرفتارکر لیا تھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578321