اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ چاول اور مکئی کی اضافی فصلوں کو افریقی مارکیٹ سمیت نئی عالمی منڈیوں میں ایکسپورٹ کرکے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔
جمعرات کو رحیم یار خان چیمبر میں آل پاکستان چیمبرز کے صدور کی ایک روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لیے فوری طور پر ملک میں درآمدات کے متبادل صنعتوں کا قیام عمل میں لایا جائے اور صرف ٹیکسٹائل و سرجیکل وغیرہ پر انحصار کرنے کی بجائے ایکسپورٹ باسکٹ میں نئی مصنوعات کو شامل جائے۔ انہوں نے کہا کہ افریقی ممالک کو برآمدات کی وسیع گنجائش موجود ہے، پاکستانی مصنوعات کیلئے نئی عالمی منڈیوں کی تلاش اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ ادائیگیوں کے توازن کو مستحکم بنانے میں مدد مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہائی ٹیک ہائبرڈ بیجوں کے استعمال سے چاول اور مکئی کی بمپر پیداوار حاصل ہوئی ہے اور اس کا سہرا نجی شعبے کو جاتا ہے جس نے بیماریوں کے خلاف مزاحم اور کیڑوں سے پاک نئی اقسام ایجاد کی ہیں جن سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہوا۔ کپاس، گندم، گنے اور دیگر فصلوں کیلئے بھی ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت زراعت پر مبنی ہےمگر پاکستان ہر سال تقریباً 14 بلین ڈالر کا خوردنی تیل، آئل سیڈز، کپاس اور گندم وغیرہ درآمد کرتا ہے۔
حکومت سنجیدگی سے توجہ دے کر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے زرعی شعبے کو جدید سائنسی خطوط پر فروغ دے تو اس برآمدی بل کو صفر کیا جا سکتا ہے۔ شہزاد علی ملک، ستارہ امتیاز، نے کہا کہ اگر حکومت ان تجاویز اور سفارشات پر غور کرے تو اس سے نہ صرف ملک میں زرعی انقلاب برپا ہو سکتا ہے اور درآمدی بل سے نجات مل سکتی ہے بلکہ فاضل زرعی مصنوعات کو برآمد بھی کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر زرعی مصنوعات کی درآمد پر خرچ کی جانے والی رقم کا نصف بھی کاشتکاروں اور کسانوں پر لگا دیا جائے تو پاکستان نہ صرف پوری آبادی کی غذائی ضروریات کو آرام سے پورا کر سکتا ہے بلکہ فاضل پیداوار کو برآمد بھی کیا جا سکتا ہے۔
کانفرنس میں ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کے تقریباً 50 صدور نے شرکت کی اور قابل عمل تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کانفرنس کی میزبانی پر صدر رحیم یار خان چیمبر اقبال کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کو کامیاب بنانے کیلئے گروپ چیئرمین رئوف مختار کے کردار کو سراہا۔