چاول کی قومی برآمدات گزشتہ مالی سال میں 2.5ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے،پی بی ایس

286
Exports of rice
Exports of rice

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ گذشتہ مالی سال میں چاول کی قومی برآمدات 2.5ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئیں۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق مالی سال 2021 کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال 2022 کے دوران برآمدات میں بالحاظ مالیت 23فیصد جبکہ بالحاظ زون 32.35فیصد کی شرح نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مالی سال 2021 میں چاولوں کی برآمدات سے2.041ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا تاہم گذشتہ مالی سال کے دوران برآمدات کی مالیت 23فیصد یعنی 0.459ارب ڈالر بڑھوتری سے2.5ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئیں ۔ اس طرح ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی ایک مالی سال میں چاول کی برآمدات سے زرمبادلہ کاحصول 2.5ارب ڈالر تک بڑھا ہے۔

پی بی ایس کے مطابق مالی سال 2021ء کے دوران 3.684ملین ٹن چاول برآمد کئے گئے تھے جبکہ گذشتہ مالی سال میں برآمدات 4.877ملین ٹن رہی ہیں جو مالی سال 2021 کے مقابلہ میں 1.19ملین ٹن یعنی 32.35فیصد زیادہ رہی ہیں