اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق سیکرٹری جنرل کرنل (ر)وجاہت اللہ ترین نے کہا ہے کہ چترال فٹ بال لیگ سے چترال میں فٹ بال کے کھیل کو فروغ حاصل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتےہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ چترال میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن سہولیات نہ ہونے کے باعث نیاٹیلنٹ ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے علاقوں میں حکومت کی جانب سے گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی بہتری کے لئے زیادہ سے زیادہ تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ تیسری چترال فٹ بال لیگ (سی ایف ایل) 26 اگست سے چترال کے شہر دروش میں شروع ہو رہی ہے۔ پاکستان آرمی ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ لیگ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
لیگ میں ملک بھر سے 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں پاکستان آرمی، پاکستان پولیس، افغان ٹی وی، جانباز کلب ژوب، المعراج ٹائیگرز ہزارہ، پاک وطن کلب مردان اور لالک جان سٹارز یاسین کے علاوہ مقامی ٹیمیں بھی شامل ہیں ۔لیگ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیگ میں پاکستان آرمی کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ لیگ کا آغاز 2021 میں ہوا تھا ،چترال فالکن نے پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا ۔ 2022 میں کھیلا گیا دوسرا ٹائٹل پاکستان آرمی نے جیتا تھا ۔