پشاور۔ 15 ستمبر (اے پی پی):چترال میں دو روزہ تجارتی نمائش "چترال ایکسپو” کا افتتاح کر دیا گیا۔ ایکسپو کا انعقاد ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے تعاون سے کیا ہے۔ ایکسپو کے دوسرے روز اکنامک ڈویلپمنٹ کانفرنس منعقد ہوگی۔
ایکسپو اور کانفرنس کا مقصد مقامی معاشی و تجارتی شعبوں کو اجاگر کرنا ہے۔ ایکسپو اور کانفرنس اہم امکانی سرمایہ کاری شعبوں کی جانب سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے اہم کوشش ہے۔ ایکسپو کا افتتاح وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وتجارت عبدالکریم تورڈھیر نے کیا۔ایکسپو میں سرکاری،غیر سرکاری و انفرادی طور کے 90 سے زائد سٹالز لگائے گئے ہی۔
ان سٹالز میں مقامی خوراک،پوشاک،سجاوٹ،ثقات اور کالاش تہذیب کے اشیا شامل ہیں۔ ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی معاون خصوصی عبدالکریم تورڈھیر نے کہا کہ صوبے میں ترقی و خوشحالی کےلئے نمایاں اقدامات اٹھائے گئے ہیں، صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کےلئے مشکل حالات کے باوجود نمایاں اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، صوبے میں ہر علاقے کی مقامی وسائل سے استفادہ کرنے کی پروگرام پر عمل پیرا ہیں، انوسٹرز کو اس صوبے میں لارہے ہیں تاکہ یہاں معاشی سرگرمیوں سے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ چترال میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور دوسرے چینلز کے ذریعے ذیادہ سے ذیادہ انوسٹمنٹ لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، بہت جلد ہی باہر سے سرمایہ کار جوق درجوق چترال کا رخ کریں گے، ہمیں یہیں پاکستان ہی میں جینا اورمرنا ہے، ملک چھوڑ کر باہر جانے کا سوچ بھی نہیں سکتے، اسی وجہ سے ایسے قابل عمل اور پائیدار معاشی پالیسی بنارہے ہیں جس سے عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے متعدد اسکیموں کااعلان کیا ہے۔
ان سکیموں میں آسان قرضوں کے ذریعے کاروبار کو فروع دیا جاسکے گا، چترال کی ذرخیز اراضی سے فائدہ اٹھانے کے لئے ہمیں متعلقہ اداروں سے بھر پور استفادہ کرنا چاہیے، چترال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایکسپو اور کانفرنس منعقد کرنے پر ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سمیت چترال چمبر آف کامرس کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔