چترال میں ہزاروں سال قدیم کیلاش فیسٹیول ( چوموس )اپنی رنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیر

159

چترال۔ 22 دسمبر (اے پی پی):چترال میں ہزاروں سال قدیم کیلاش فیسٹیول ( چوموس )اپنی رنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ،فیسٹیول سے مردو خواتین و سیاحوں نے خوب لطف اٹھایا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بہبودآبادی اور ڈی جی کے وی ڈی اے مہمان خصوصی تھے ۔ اتوار کی صبح بمبوریت کے مقام بتریک میں جو کالاش حکمران راجا وائےکا پایہ تخت بھی رہ چکا ہے کے قریب پہاڑ میں لومڑی کی تلاش شروع کی گئی ،کیلاشی لڑکوں نے بالاآخر ایک لومڑی کو ڈھونڈ نکالا جو لوگوں کی آوازوں سے خائف ہو کر پہاڑ وں میں چھپتی ہوئی تھی۔

بمبوریت میں ہر سال تہوار چو موس 22 دسمبر کو اختتام پذیر ہوتا ہے ، اس بار بھی بڑی تعدادمیں سیاحوں نے فیسٹیول میں شرکت کی اور ڈھول کی تھاپ پر رقص سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ کیلاش فیسٹیول چوموس کیلاش قبیلے کا سب سے بڑا اور طویل دورانیے پر محیط تہوار ہےجو ہر سال 9 دسمبر کو شروع ہوکر 22 دسمبر کی شام بمبوریت میں اختتام پذیر ہوتا ہے تاہم 23 دسمبر کو بریر میں بھی منایا جاتا ہے ، مگر سب سے بڑا اجتماع بمبوریت ہی میں ہوتا ہے ۔

یہ تہوار کئی چھوٹےبڑے رسومات پر مشتمل ہے اورہر روز ایک ایک رسم ادا کی جاتی ہے۔ اس دوران قربان گاہ مالوش میں بکروں کی قربانی دی جاتی ہے اور گوشت تقسیم کیا جاتا ہے۔ فیسٹول چوموس کیلئے سیکیورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے تھے۔