اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی ترقی کے لئے گورنر ہاؤس پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کوشاں ہے ، چشمہ لفٹ کینال منصوبہ بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی کاوشوں کا عملی نتیجہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو گورنر ہاؤس اسلام آباد میں متعدد وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔گورنر سے ملاقات کرنے والوں میں پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی جنرل سیکریٹری شجاع خانزادہ المعروف شازی خان ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ابرار سعید سواتی ، ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین حبیب ملک اورکزئی ، وائس چیئرمین فرزند علی وزیر ، معروف کاروباری شخصیت سابق اولمپیئن شاہد شینواری اور دیگر شامل تھے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ چشمہ لفٹ کینال صوبہ خیبرپختونخوا کا دیرینہ مطالبہ تھا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی سفارش پر وفاقی حکومت نے اس منصوبہ کے لیئے بجٹ مختص کیا اور اب اس کے پہلے مرحلہ کے ٹینڈرز بھی ہوچکے ہیں جس پر ہم وزیر اعظم محمد شہباز شریف ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور چیئرمین واپڈا کے مشکور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں قیام امن کے حوالہ سے صوبائی حکومت ناکام ہوچکی ہے اس حوالہ سے اسکا کردار مجرمانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ میں کاروبار کے فروغ کے حوالہ سے متعدد بین الاقوامی اداروں کے زمہ داران کے ساتھ گورنر ہاؤس میں صوبہ کی کاروباری شخصیات کو ملانے کا عمل جاری ہے کاروباری شخصیات کو درپیش مسائل کے حل میں گورنر ہاؤس اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے متاثرین کرم کو امداد کی فراہمی میں ہلال احمر کے کردار کو بھی سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581220