چمن۔ 18 نومبر (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر چمن امتیاز علی بلوچ کی نگرانی میں لیویز اور کیو آر ایف فورس نے مغوی عورت کوبازیاب کرا لیا۔گزشتہ شام چمن انتظامیہ کواطلاع ملی کہ ایک خاتون کو گاڑی سے اغوا کر لیا گیا جو چمن سے کوئٹہ جارہی تھی۔ جس پر ڈی سی چمن نے فوراً انٹیلیجنس اداروں اور لیویز فورس کو کاروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو ہر حال میں گرفتار کرنے کیلئے تمام ناکوں اور چوکیوں اور روڈز پر تفتیش اور جامع تلاشی کا سلسلہ شروع کیا جائے اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے جس کے نتیجے میں لیویز فورس نے اغوا کی گئی عورت کو بازیاب اور دو ملزمان کو دو گھنٹے کے اندر ہی گرفتار کر لیا گیا ۔
ملزمان سے تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ظاہر نامی شخص منشیات فروشوں کو ادائیگی کیے بغیر منشیات سمگل کرنا چاہتا تھا اور ملزمان کی نشاندہی پر 5 مقامات پر چھاپے مار کر منشیات فروشی میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان نے اپنے ساتھ ایک لیویز اہلکار کی بھی منشیات فروشی میں ملوث ہونے کا اقرار کیا اور مزید یہ کہ ملزمان نے خاتون کو اغوا کرنے کے لیے لیویز کی وردی استعمال کی تھی۔اغوا کرائی گئی خاتون کی بازیابی کیلئے چھاپوں کے دوران خفیہ ٹھکانوں سے پانچ کلو گرام چرس بھی برآمد کر لی گئی۔ مزید برآں لیویز فورس کا ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے۔