کوئٹہ۔ 10 جون (اے پی پی):سپیکر بلوچستان اسمبلی کيپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے کہا ہے کہ چمن کے عوام پر امن اور محب وطن ہیں ،صدیوں سے آباد اچکزئی، نورزئی اور دیگر اقوام کے لوگ ہمیشہ پر امن رہنے والے باعزت اور باکردار ہیں جنہوں نے کبھی ریاست کے خلاف کوئی قدم نہيں اٹھایا اور نہ ہی ریاست مخالف عناصر کی پشت پناہی کی ۔ اپنے بیان میں سپیکر نے کہا کہ بے روزگاری حل طلب مسئلہ ہے
جملہ مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے ہی نکالا جاسکتا ہے ۔چمن کے عوام تشدد کی حمایت نہیں کرتے ہیں ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ جو عناصر چمن کے حالات کو خراب کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو ں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ناکام اور فرسودہ سیاست کو زندہ کرنے کےلئے چمن کے بےقصور اور پر امن عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو عوام پہچان چکے ہیں ،اہلیان چمن ایسے عناصر کے جھوٹ ،فریب اور مکاری پر مبنی چالوں کو ناکام بنائیں گے ۔
سپیکر عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ کسی کو چمن کے غریب اور غیور عوام کی قسمت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے ، ایسے عناصر نے اسلام اور پشتون سیاست کے نام پر پشتونوں کےوقار کو ٹھیس پہنچائی ہے چمن کے غیور اور عزت دار معاشرے میں ایسے عناصر کی کوئی جگہ نہیں ۔صوبائی حکومت چمن کے حالات اور عوام کو درپیش مسائل سے غافل نہیں،انشاءاللہ بہت جلد اس مسئلے کا پائیدار حل نکالنے کی کوشش کریں گے اور ہم پرامید ہیں کہ مسائل کا حل ضرور نکلے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=474573