اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):ملک سے چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9.41 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیاگیاہے ۔
پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق جولائی تا دسمبر 2021 کے دوران چمڑے کی برآمدات سے ملک کو 319.791 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9.41 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں چمڑے کی برآمدات سے ملک کو 292.279 ملین ڈالرکا زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
اعدادوشمارکے مطابق چمڑے کے ملبوسات کی برآمدات میں 9.73 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال 152.888 ملین ڈالر سے بڑھ کر رواں سال کے دوران 167.768 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے ۔چمڑے کے دستانوں کی برآمدات میں اضافہ کی شرح 9.19 فیصد رہی، جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں دستانوں کی برآمدات سے 142.62 ملین ڈالرکا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 130.62 ملین ڈالرتھا۔ چمڑے کے دیگر مصنوعات کی برآمدات میں بھی پہلی ششماہی کے دوران 7.16 فیصد کی نموہوئی ہے۔
دسمبر2021 میں سالانہ بنیادوں پرچمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں 1.87 فیصدکی نموہوئی ہے، دسمبر 2021 کے دوران چمڑے کی برآمدات 53.153 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو دسمبر 2020 میں 52.179 ملین ڈالر تھیں۔