چنائی۔20ستمبر (اے پی پی):بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جارہے چنائی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھارت کے 376 رنز کے جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 149 رنز پر آئوٹ ہوگئی، جسپریت بمرا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، بھارت نے دوسری اننگز میں3 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز بنا لئے اور اسے مجموعی طور پر 308 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، میچ کے دوسرے روز مجموعی طور پر 17 وکٹیں گریں۔ جمعہ کے روز ایم اے چدھمبرم سٹیڈیم چنائی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھارت نے اپنی پہلی اننگز 339 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ایشون 102 اور رویندرا جدیجا 86 رنز پر وکٹ پر موجود تھے تاہم دونوں بیٹرز سکور میں زیادہ اضافہ نہ کر سکے اور اپنی وکٹیں گنوا دیں،
ایشون 113 اور جدیجا 86 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئے جبکہ آخری کھلاڑی جسپریت بمرا 7 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے، اس طرح بھارت کی ٹیم پہلی اننگز میں 376 رنز پر آئوٹ ہوگئی، بنگلہ دیشی بائولرحسن محمد نے 5 وکٹیں حاصل کیں ، تسکین احمد نے 3جبکہ ناہید رانا اور مہدی حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں کیا اور پوری ٹیم 47.1 اوورز میں 149 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئی،شکیب الحسن 32، کپتان نجم الحسن شنٹو 20 اور لٹن داس 22 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ناہید احمد اور تسکین احمد نے 11، 11 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مہدی حسن میراز 27 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ۔
بھارتی فاسٹ بائولر جسپریت بمرا نے شاندار بائولنگ کرتے ہوئے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سراج اور آکاش دیپ نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بھارت نے 227 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز بنا کر مجموعی طور پر 308 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ شبمن گل 33 اور رشبھ پنت 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ آئوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں یشاسوی جیسوال 10، کپتان روہت شرما 5 اور ویرات کوہلی 17 رنز بنا سکے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے تسکین احمد، ناہید رانا اور مہدی حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔