چند لوگ پاکستان کے امن کو خراب کرنا چاہتے ہیں، پاکستان دنیا کا عظیم ترین ملک ہے، یہاں اقلیتوں سمیت سب کورہنے کا حق ہے،آخری متاثرہ فرد کی بحالی بھی یقینی بنائیں گے، وفاقی وزیر خلیل جارج

120
وفاقی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امورخلیل جارج

فیصل آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امورخلیل جارج نے کہا ہے کہ پاکستان کسی ایک کی نہیں بلکہ ہم سب کی قربانیوں سے بنا ہے اسلئے یہاں اپنی اپنی حدود وقیود میں اقلیتوں سمیت ہر کسی کورہنے کا حق ہے۔16 اگست کے سانحہ جڑانوالہ کے آخری متاثرہ فرد کی بحالی یقینی بنائیں گے ۔ وہ جمعہ کے روزدورہ جرانوالہ کے دوران پاک مشن سوسائٹی، یورپین یونین ہیومینیٹرین ایڈاور ٹیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 16 اگست کے سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین میں ڈگنٹی کٹس، باورچی خانے کے برتن، حفظان صحت کی کٹس اور دیگر اشیا کی تقسیم کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مسیحیوں کے ہاتھ سے کبھی بھی امن کی شمع کو گرنے نہ دیا جائے۔یاد رکھیں پاکستان کسی ایک کی قربانی سے نہیں بلکہ ہم سب کی قربانیوں سے بنا ہے اور اس کی بنیادوں میں ہمارے بڑوں کا لہو شامل ہے،انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی ہتھیار نہیں ہے، ہمارے پاس ایک ہتھیار ہے اور وہ دعا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ان کا یہاں پانچواں دورہ ہے اور وہ باور کراناچاہتے ہیں کہ حکومت خاموش نہیں بیٹھی بلکہ وزیر اعظم، چیف جسٹس بھی آپکے پاس آئے۔ آرمی چیف اور پوری قوم آپکے ساتھ ہے،

جب اتنے لوگ اور خداوند آپکے ساتھ ہو تو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آج تک پاکستان میں جتنے بھی ایسے واقعات ہوئے ہیں ان میں ریاست ہمیشہ مظلوم کیساتھ کھڑی رہی ہے،یہ واقعہ جڑانوالہ عالمی سطح پر اجاگر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دیتا ہوں کہ چر چز کی بحالی کا کام مزید تیز کیا جائے کیونکہ ہم جب تک اپنی عبادت ان چر چز میں نہیں کریں گے ہمیں سکون نہیں آئے گا۔انہوں نے کہاکہ این جی اوز، پاک مشن، پور پی یونین اور جتنے بھی لوگ آپ سے ہمدردی کر رہے ہیں میں ان سب کا شکر گزار ہوں، آپ سب کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔آپ کو اگر ضلعی انتظامیہ سے کوئی شکایت ہو تو پاسٹرز کو بتائیں کیونکہ وہ منسٹری آف ہیومن رائٹس سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت آپکے شانہ بشانہ کھڑی ہے، چند لوگ پاکستان کے امن کو خراب کرنا چاہتے ہیں، پاکستان دنیا کا عظیم ترین ملک ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہم اپنے مذہب کی صحیح تشریح کریں تو ہمیں اپنے اچھے کردار سے بتانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سب کو بتانا ہے کہ ہم یسوع کے ماننے والے ہیں، ہم بدلہ لینا نہیں جانتے ہم معاف کرنا جانتے ہیں۔ ان تعلیمات سے متاثر ہوکر میں آج انکو معاف کرتا ہوں جنہوں نے یہ کام کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے آگے بڑھنا ہے، ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔

آپ نے پاکستا ن کیلئے اپنی دعاؤں کو بند نہیں کرنا کیونکہ پرچم کا سفید حصہ ہماری وجہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کے آئین اور قائد اعظم نے ہمیں بتایا کہ یہ ملک سب کا ہے۔ آج آپ اداسی کی بجائے خوش ہوں کہ ہم آپکے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ این جی اوز نے جو امداد کی ہے یہ ان کی محبت ہے، ایسی این جی اوز نے ہمیشہ کرسچین کمیونٹی کی مدد کی ہے خواہ سیلاب ہو، کورونا ہو یا زلزلہ ہو۔انہوں نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ کے بعدبحالی کے کام برق رفتاری سے جاری ہیں،جن لوگوں کے گھر متاثر ہوئے انہیں بیس بیس لاکھ کے چیک دیئے گئے جس سے ان گھروں کی از سر نو تعمیر ومرمت اور بحالی سمیت تمام متاثرہ چرچز کی بحالی، تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کا مرحلہ بھی تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق نے کہا کہ بعض چرچز کا وزٹ کیا ہے جہاں کام کی رفتار کچھ سست ہے جسے تیز کرنے کی ہدایت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر اور ڈی سی بذات خود لمحہ بہ لمحہ بحالی کے کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں اسلئے جلد تمام امور مکمل کرلئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جتنی جلدی بحالی ہوگی اتنی جلدی لوگ سیٹل ہوں گے اتنا ہی ہمارے لیے فائدہ ہے نیز جتنے بھی اقدامات حکومتی سطح پر ہیں وہ تسلی بخش ہیں۔خلیل جارج نے کہا کہ ہم آتے رہیں گے اور ان کی مدد کرتے رہیں گے جبکہ حکومت اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک متاثرہ مسیحیوں کو ان کے گھروں میں مکمل سیٹ نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ امن کمیٹیز سے آج بھی ہم نے میٹنگ کی اور ہیومن رائٹس کے جتنے بھی ہمارے ادارے تھے ان کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ امن کمیٹیوز کو مزید فعال سے فعال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں اب ان کی پہلے والی سپیڈ نہیں لیکن ہم چاہ رہے ہیں کہ ان کو جلد از جلد فعال،مؤثر ومربوط اور مضبوط بنائیں تاکہ یہ امن کمیٹیاں اپنا کام احسن طریقے سے کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعات ہوتے ہیں اور ضرور وہ اپنے اثرات چھوڑ جاتے ہیں لیکن حکومت کی اس ٹائم اولین ترجیح ہے کہ ہم متاثرین جڑانوالہ کو تنہا نہیں چھوڑ رہے اور ہم ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر کی ہدایت پر ہم مسلسل تمام امور کی مانیٹرنگ کررہے ہیں اور ہم ان کو جب تک مکمل سیٹل نہیں کر دیتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔تقریب سے دیگر مسیحی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔