چند ماہ میں پانچ مرتبہ پالیسی ریٹ کم ہوا ، معاشی اعشاریے مثبت ہو چکے ہیں، ،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میں خطاب

129

سیالکوٹ۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران پانچ مرتبہ پالیسی ریٹ کم ہوا جو مجموعی طور پر 9 فیصد کم ہوا ہے ، معاشی اعشاریے مثبت ہو چکے ہیں، جس کا کریڈٹ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ، وفاقی کابینہ اور معیشت کے ماہرین کو جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ہر فورم پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے مسائل اٹھاتا رہتا ہوں جو میرا فرض بھی ہے، ملک جس صورت حال سے دو چار تھا وہ سب کو معلوم ہے لیکن اب پالیسی ریٹ کا مسلسل نیچے آنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوری میں ائیر سیالکوٹ کو یو اے سی کے تمام ائیر پورٹ پر رسائی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت مایوسی اور کرائسسز سے آہستہ آہستہ نکل رہی ہے جو خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ جس سطح پر پہنچی ہے چند ماہ قبل اس کا تصور بھی محال تھا، پاکستان میں جس تیزی سے سولرلائزیشن ہوئی وہ کسی اور ملک میں نہیں دکھائی دیتی، حکومت کو آئی پی پی کو کیپسٹی پیمنٹ کرنی ہوتی ہے حکومت اس کا بوجھ اٹھا رہی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ ،نان کسٹم لگژری گاڑیوں پر کرپشن کو 50 فیصد ہی کم کرلیا جائے تو ملک کی معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہو جائے ، بدقسمتی سے ملک میں حلال اور حرام کی تمیز ختم ہوگئی ہے اور رشوت جڑوں میں بیٹھ گئی ہے جس کے لیے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ میں وفاقی وزیر برائے کامرس جام کمال خان اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے عزت بخشی اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس تشریف لائے۔انہوں نے سیالکوٹ چیمبر کے وفد کو جنوری 2025ء میں اسلام آباد تشریف لا نے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ایجنڈے کو پیش کریں جس کے حل کے لیے مناسب و ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔