چنیوٹ۔ 19 نومبر (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس چنیوٹ اور اٹلس ہنڈا کے اشتراک سے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے یوتھ انیشیٹو پروگرام سے موٹرسائیکل حاصل کرنے والے طلباء کیلئے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرچنیوٹ عبداللہ احمد،نیشنل مینیجر کسٹمر کیئراینڈسیفٹی اٹلس ہنڈا کاشف عاقل،، محمد حسنین مینیجر سیفٹی اٹلس ہنڈ ا،آغا علی ریجنل مینیجر انسٹیٹیوٹ اور طلباء نے ورکشاپ میں شرکت کی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد و دیگر نے شرکاء سے خطاب کیا۔ہنڈا سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے سٹاف نے طلباء کو ہیملٹ کے استعمال،ٹریفک قوانین،روڈ سیفٹی سے متعلق ملٹی میڈیا بریفنگ دی۔طلباء کو اپنے سفر کو محفوظ بنانے کیلئے احتیاطی تدابیر سے مکمل آگاہی دی گئی۔
طلباء کو رائیڈنگ سیمولیٹر کے ذریعے ڈرائیونگ کی تربیت دی گئی۔آگاہی ورکشاپ میں حصہ لینے والے طلباء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔ٹریفک پولیس کی جانب سے چیف منسٹر یوتھ انیشیٹو سے مستفید ہونے والے طلباء کے ڈرائیونگ لائسنس بھی بنا دیے گئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او عبداللہ احمد کا کہناتھا کہ چیف منسٹر یوتھ انیشیٹو کے تحت بلاسود اور آسان اقساط پر بائیکس کی فراہمی ایک انقلابی سکیم ہے۔چنیوٹ پولیس کی جانب سے طلباء کا سفر محفوظ بنانے کے حوالے سے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔طلباء دوران سفر ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔ ہیلمٹ کا استعمال حادثہ کی صورت میں سر کی چوٹ سے بچاتا ہے۔ موٹر سائیکل سواروں کیلیے ہیلمٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔چنیوٹ پولیس کی جانب سے اٹلس ہنڈا کے اشتراک سے آگاہی مہم کا سلسلہ جاری رہے گا۔