چنیوٹ۔ 26 اگست (اے پی پی):ہیڈ مرالہ اور قادر آباد سے بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں چھوڑا گیا سیلابی پانی ضلع چنیوٹ کی حدود میں داخل ہو گیا اور ڈیرھ لاکھ کیوسک کا ریلا منگل اور بدھ کے روز چنیوٹ سے گذرے گا۔
دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے۔اس وقت دریائے چناب میں پانی کا بہاو 79 ہزار 449 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فلڈ کنٹرول روم کے مطابق دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔دوسری طرف ضلعی انتظامیہ نے دریائے چناب کے قریب نشیبی آبادیوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دیگی۔
ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں ریسکیو 1122 نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر طاہرہ خان کی زیر نگرانی دریائے چناب کے کنارے آٹھ مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے.چنیوٹ: جہاں ریسکیو ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔
فلڈ ریلیف کیمپس ٹی ڈی سی پی پوائنٹ، برج عمر، بابو رائے، موضع متھرومہ، خضر کی لالیاں، ایل بی این ہمبوآنہ، موضع ساہمل بھوآنہ اور دوست محمد لالی پل پر قائم کیے گئے ہیں۔ جن کا مقصد ممکنہ سیلاب کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور بروقت امدادی کارروائیاں یقینی بنانا ہے۔