چنیوٹ۔ 03 فروری (اے پی پی):ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح ضلع چنیوٹ میں بھی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ انسداد پولیو کی خصوصی مہم 3تا 7فروری تک جاری رہے گی۔اس سلسلے میں ضلع چنیوٹ میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ97 ہزار 122 بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لئے مجموعی طور پر 1467 ٹیمیں ڈیوٹی انجام دیں گی۔
ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو حفاظتی قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغازکیا،اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر خوشنود و دیگر محکمہ ہیلتھ کے افسران موجود تھے،ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو قطرے پلائے اور انکی انگلیوں پر ویکسین پینے کے تصدیقی سیاہی کے نشانات لگوائے۔ڈپٹی کمشنرصفی اللہ گوندل نے ہدایت کی کہ پولیو کا ہرراؤنڈ اہمیت کا حامل ہے، لہٰذا متعلقہ سٹاف کی جدید خطوط پر ٹریننگ کے ساتھ ساتھ والدین کی آگاہی کے لئے تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جائیں تاکہ ان میں احساس ذمہ داری قائم رہے۔
والدین اپنے چھوٹے بچوں کو حفاظتی قطرے لازمی پلائیں،ہماری اجتماعی کوشش سے ہی اس موذی مرض سے چھٹکارا ممکن ہے۔\