چنیوٹ۔ 18 نومبر (اے پی پی):چنیوٹ پولیس نے رواں ماہ 56 مجرمان اشتہاریوں اور 44 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا۔پولیس نےمختلف علاقوں سے گرفتار مجرمان میں کیٹیگری اے کے 7 اشتہاری سنگین وارداتوں میں ملوث پائے گئے۔ ہیومن ریسورس اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مجرمان اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار مجرمان اشتہاری ضلع پولیس کو قتل، ڈکیتی، راہزنی، چوری سمیت دیگر مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے کہاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کو یقینی بنانے کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے علاقہ میں جرائم پیشہ افراد ہونے کی صورت میں پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔