کرائسٹ چرچ ۔19جنوری (اے پی پی):پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بناکر میچ میں کامیابی کے لئے 159 رنز کا ہدف دے دیا ۔
پاکستان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 158 رنز بنا ئے۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور دوسرے اوور میں صرف ایک رن بناکر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو 56 کے مجموعی سکور پر انفرادی 19 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 88 کے مجموعی رنز پر فخر زمان بھی 15 گیندوں پر انفرادی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔اعظم خان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے صاحبزادہ فرحان بھی دو گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ایک جانب وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن دوسری جانب محمد رضوان ذمہ دارانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا مجموعی سکور کو آگے بڑھاتے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ 126
کے مجموعی سکور پر افتخار احمد 14 گیندوں پر انفرادی 10 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔محمد رضوان 90 اور محمد نواز 21 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔یوں پاکستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بناکر میچ میں کامیابی کے لئے کیویز کو 159 رنز کا ہدف دے دیا ۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے میٹ ہنری اور لوکی فرگوسن نے دو، دو جبکہ ایڈم ملن نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔