اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):14 رکنی قومی ٹیم ایشین سینئر مینز والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے 11 اگست کو ایران روانہ ہوگی۔ یہ چیمپئن شپ 16 سے 26 اگست تک ایران کے شہر ارمیا میں کھیلی جائے گی جس میں ایشیائی ممالک کی 18 ٹیمیں حصہ لیں گی ۔
پاکستان کو بنگلہ دیش اور کوریا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔14 رکنی قومی ٹیم کی قیادت مبشر رضا کریں گے اور مراد جان ان کے نائب ہوں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان فریاد، آفاق جان، ظہیر احمد، محمد حامد، مصور، دیناٹ، کاشف نویدِ، حامد زمان، مراد خان، حیدر فاروق ، ناصر علی اور بلال خان شامل ہیں۔
ٹیم کے ہمراہ ہیڈ کوچ برازیل کے عیسی تائی ہوں گے جبکہ احسان اقبال اور محمد اسماعیل خان ان کی معاونت کریں گے۔ چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑی 27 اگست کو واپس وطن پہنچیں گے۔