لاہور۔16جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےکہاہے کہ استعفوں اور لانگ مارچ کی فلاپ فلم پر پی ڈی ایم میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے-پی ڈی ایم میں اب ہر کوئی اپنی ہانک رہا ہے- اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ راجکماری، شہزادے اور مولانا میں پھوٹ پڑ چکی-ان کے درمیان جلد جوتیوں میں دال بٹے گی-منافقین کا یہ ٹولہ استعفے کبھی نہیں دے گا-چور اور لٹیرے لانگ مارچ نہیں کر سکتے-ان لوگوں کا تو اپنا ”لونگ گواچ“ چکا ہے-یہ لوگ ضمنی الیکشن بھی لڑیں گے اور سینیٹ الیکشن بھی- انہوں نے کہاکہ عوام سیاسی مسخروں کی قلابازیوں پر لوٹ پوٹ ہو رہے ہیں-پی ڈی ایم عناصر کو شرم سے ڈوب مرجانا چاہیئے- کورونا پر منفی سیاست کرنے والوں کی انتشار کی سیاست کا دھڑن تختہ ہو چکا ہے-انہوں نے کہاکہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں کورونا کے 535 نئے مریض رپورٹ ہوئے اورپنجاب میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 148,488 ہو گئی ہے جبکہ 24 گھنٹے میں کورونا کے17 مریض جاں بحق ہوئے-24 گھنٹے کے دوران 14,390 کورونا ٹیسٹ کئے گئے اورمجموعی طور پر پنجاب میں 268,341 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں-