چوموس تہوار خیبر پختونخوا کے بھرپور ثقافتی تنوع کا منہ بولتا ثبوت ہے،تاشفین حیدر

165
چوموس تہوار خیبر پختونخوا کے بھرپور ثقافتی تنوع کا منہ بولتا ثبوت ہے،تاشفین حیدر

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):خیبرپختونخواہ کے محکمہ ثقافت کی ڈائریکٹر جنرل تاشفین حیدر نے چوموس فیسٹیول کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار خیبر پختونخوا کے بھرپور ثقافتی تنوع کا منہ بولتا ثبوت ہے۔خیبرپختونخواہ کے محکمہ ثقافت کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وادی کالاش مختلف تہواروں کے ساتھ ایک منفرد مقام کی حامل ہے، مقامی کالاش برادری اپنے روایتی چوموس فیسٹیول کو منا رہی ہے جو نئے سال کے آغاز کے حوالہ سے منیا جانے والی ایک منفرد جشن ہے۔ حالیہ برسوں میں چوموس کا تہوار سیاحوں کی توجہ کا ایک بڑا مرکز بن چکا ہے جو دنیا کے کونے کونے سے آنے والے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔

ہر سال لاتعداد سیاح وادی کالاش میں منفرد روایات کا مشاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہوتے ہیں۔ وادی میں منائے جانے والے مختلف فیسٹیولز میں رنگا رنگ تقریبات ، روایتی موسیقی اور رقص کا مظاہرہ کیا جاتا ہے جو تہواروں کا ایک لازمی حصہ ہوتے ہیں۔چوموس میلے کو فروغ دینے اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مقامی انتظامیہ بھر پور کاوشوں میں مصروف ہے۔ خیبرپختونخواہ کے محکمہ ثقافت کی ڈائریکٹر جنرل تاشفین حیدر نے میلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ چوموس کا تہوار خیبر پختونخوا کے بھرپور ثقافتی تنوع کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے پرعزم ہیں اور چوموس کا تہوار ہماری کوششوں کا ایک لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار نہ صرف کالاش نئے سال کا جشن ہے بلکہ کالاش کے لوگوں کی منفرد روایات اور رسم و رواج کے اظہار کا ایک پلیٹ فارم بھی ہے۔ تاریخی چوموس تہوار ایک 15 روزہ جشن ہے جو ضلع چترال سمیت دلکش کالاش وادی میں جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا یہ تہوار کالاش کیلنڈر میں ایک اہم واقعہ کی نشاندہی کرتا ہے جس میں موسم سرما کا جشن منایا جاتا ہے اور نئے سال کا آغاز ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ثقافتی تبادلہ ثقافتی تفہیم کو فروغ دینے میں مدد کر تے ہیں اور ان میں شرکت کرنے والوں کیلئے ایک منفرد تجربہ فراہم کرتا ہے۔