حیدرآباد۔ 08 جون (اے پی پی):ضلع سانگھڑ کے تفریحی مقام چوٹیاریوں ڈیم میں نہاتے ہوئے چار نوجوان پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ افسوسناک واقعہ اتوار کی دوپہر اس وقت پیش آیا جب مذکورہ نوجوان پکنک منانے کے لیے ڈیم پر آئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اور مقامی غوطہ خوروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چاروں نوجوانوں کی لاشیں نکال کر فوری طور پر سول اسپتال سانگھڑ منتقل کیں۔
جاں بحق نوجوانوں کی شناخت احتشام، عمر، امان اللہ اور شاہ زیب کے ناموں سے ہوئی ہے جو کہ کپرو کے رھائشی ھیں، جن کی عمریں 12 سے 24 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ ورثا سے رابطے کے بعد یہ اطلاع بھی موصول ہوئی ہے کہ انہوں نے کسی قسم کی قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واقعے پر ضلعی پولیس اور عوامی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چوٹیاریوں ڈیم جیسے مقامات پر حفاظتی اقدامات، نگرانی اور لائف گارڈز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔