چوہدری برجیس طاہر کی پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے بات چیت

148

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستانی علاقوں پر بلا اشتعال گولہ باری مودی سرکار کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے، بھارت الزام تراشی گزشتہ 60 سال سے کرتا آ رہا ہے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت شدید دباﺅ میں اپنے حواس کھو بیٹھا ہے۔ کشمیری عوام پر بھارتی سکیورٹی فورسز کے مظالم پوری دنیا دیکھ چکی ہے، مظلوم کشمیریوں کی چیخیں نریندر مودی کو سکون سے نہیں بیٹھنے دے رہی ہیں۔ مودی دہشت گرد ہے اور وہ پوری دنیا کو دہشت گردی کی دھاک میں رکھنا چاہتا ہے مگر اب دنیا خوفزدہ ہو کر نہیں حقائق کے مطابق فیصلے کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے سرجیکل سٹرائیک کا الزام بے بنیاد ہے، ہم امن کے خواہاں ہیں۔