چوہدری شافع حسین سے دربار حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے سجادہ نشین دیوان حامد مسعود چشتی کی ملاقات

107
Provincial Minister of Industry and Commerce Chaudhry Shafi Hussain
Provincial Minister of Industry and Commerce Chaudhry Shafi Hussain

لاہور۔4مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین سے دربار حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے سجادہ نشین دیوان حامد مسعود چشتی نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔دربار کے انتظامی امور،سیکورٹی انتظامات،زائرین کو دی جانے والی سہولیات اور دیگر معاملات سے آگاہ کیا۔

سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بزرگان دین اور صوفیا کرام کے درباروں پر ملک بھر سے عقیدت مند اور زائرین آتے ہیں۔حکومت زائرین کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ مقدس مزارات کی دیکھ بھال اور زائرین کی سہولیات کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مساجد اور درباروں کی صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کا آغاز کردیا گیا ہے۔اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضے ختم کرائے جائیں گے۔ ناجائز قابضین سے واگزار کرائی گئی اوقاف کی زمینوں پر صحت اور تعلیم کے ادارے بنائیں گے۔وزیراوقاف پنجاب نے کہاکہ اسلام امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے،اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔

دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر انسانیت کے دشمن ہیں۔دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علما اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ علما اور مشائخ رواداری،اخوت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دیں۔ہمیں اتحاد کی قوت سے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔