چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس ، وزیر اعلی آسان کاروبار کارڈ سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

115

لاہور۔19اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت وزیر اعلی آسان کاروبار فنانس اورآسان کاروبار کارڈ سکیموں بارے سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس پیسک ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں بلاسود قرضوں کی دونوں سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ایم ڈی پیسک سائرہ عمر نے سکیموں پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ سیکرٹری صنعت و تجارت محمد عمر مسعود،صدر بنک آف پنجاب ظفر مسعود،محکمہ خزانہ،اربن یونٹ کے حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلی آسان کاروبار فنانس اور وزیر اعلی آسان کاروبار کارڈ سکیموں کے بارے اہم فیصلے بھی کئے گئے۔

صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی بلاسود قرضوں کی سکیموں کے تحت قرضوں کے حصول کیلئے لاکھوں افراد نے درخواستیں دی ہیں۔آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 3کروڑروپے تک کے بلاسود قرضے دئیے جارہے ہیں جبکہ آسان کاروبار کارڈ سکیم کے تحت 10لاکھ روپے تک بلا سود قرضے کی سہولت موجود ہے۔یہ دونوں سکیمیں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہورہی ہیں۔ بلاسود قرضوں کی یہ دونوں سکیمیں انتہائی کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں ۔

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ سکیموں کو انتہائی سہل بنایا گیا ہے اور وزیر اعلی کاروبار فنانس سکیم کے تحت ضرورت کے مطابق قرضے دئیے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا ہے کاروبار فنانس کیلئے 80 ہزار سے زائد افراد کی قرض کی درخواستیں منظور ہوچکی ہیں جبکہ کاروبار فنانس اور کاروبار کارڈ سکیموں کے ذریعے 34ہزار سے زائد کاروباری افراد کو قرص جاری ہوچکے ہیں۔اسی طرح آسان کاروبار کارڈ سکیم کے تحت ایک لاکھ 4ہزار کارڈ منظور ہوچکے ہیں۔