چوہدری شجاعت حسین سے چین کے سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات،چین کی پالیسی اور دیگر امور پر بھی بات چیت

110

لاہور۔8نومبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ( ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے چین کے سرمایہ کاروں کے وفد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔وفد کی قیادت چائنا گورنمنٹ انویسٹمنٹ کی سربراہ میڈم سکارلٹ ژیانگ کر رہی تھیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین،پاکستان مسلم لیگ ق کے عہدیداران اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔وفد کی سربراہ میڈم سکارلٹ ژیانگ نے پاکستان اور پنجاب میں اپنے مجوزہ پروگراموں بارے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران امریکہ میں ہونے والے انتخابات،نتائج ،چین کی پالیسی اور دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی۔پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ امریکہ کی نئی قیادت کی پاکستان کے امور میں مداخلت کے بارے بے بنیاد افواہیں ہیں۔

امریکہ کی اپنی پالیسیز ہیں وہ ہمارے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا۔چین بھی اس حوالے سے واضح مو قف رکھتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ چین اور پاکستان کے مابین گہرے دوستانہ مراسم اور تجارتی تعلقات قائم ہیں ۔پاکستان اور چین کے مابین اقتصادی تعاون بڑھایا جائے گا ۔چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ ہمیں ایگریکلچر سیکٹر کے فروغ کیلئے چین کی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔دونوں جانب کے پرائیویٹ سیکٹر میں بھی اشتراک بڑھانے کی ضرورت ہے۔چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ چین کی جانب سے پاکستان اور پنجاب میں نئے پروگرام شروع کرنے پرمشکور ہیں۔

انہوں نے3 لاکھ افراد کو تربیت کی فراہمی اور گجرات میں میڈیکل سٹی کے مجوزہ منصوبے پر بھی چین کا شکریہ ادا کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ چین کے سرمایہ کاروں کے پروگراموں کو آگے بڑھانے میں پنجاب حکومت مکمل تعاون کرے گی۔انہوں نے کہاکہ چوہدری شجاعت حسین جنوبی کوریا کے اعزازی قونصل جنرل ہیں جنہیں وہاں کا اعلی سفارتی ایوارڈ بھی ملا ہے۔چوہدری شجاعت حسین نے پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے تاریخی کردار ادا کیا۔

ان کی کاوشوں کی بدولت ہی سام سنگ جیسی کمپنیاں پاکستان آئیں۔چوہدری شجاعت حسین نے چین کے وفد کی سربراہ کو اپنی تحریر کردہ کتاب پیش کی۔چین کے سرمایہ کاروں کے وفد کی سربراہ نے چوہدری شجاعت حسین کو گجرات کے مجوزہ میڈیکل سٹی کا سوینئر پیش کیا ۔وفد میں ڈپٹی چیف ہواوے گروپ پاکستان مسٹر رے اور دیگر شامل تھے۔