چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر،قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر اور حلقہ کھاوڑہ سے امیدوار اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی پر ریٹرننگ آفیسر کےاعتراضات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس حوالے سے ان کی لیگل ٹیم نے تمام قانونی اور آئینی پہلوئوں کا جائزہ لینے کے بعد متعلقہ فورمز سے رجوع کرنے کی حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔

سب سے پہلے الیکشن کمیشن کے مقررہ قانونی فورم سے رجوع کیا جائے گا اور اعتراضات کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی۔ اگر ضرورت پیش آئی تو معاملہ ہائی کورٹ اور بعد ازاں سپریم کورٹ سمیت دیگر تمام آئینی و قانونی فورمز پر بھی لے جایا جائے گا تاکہ چوہدری لطیف اکبر کا موقف قانونی تقاضوں کے مطابق بھرپور انداز میں پیش کیا جا سکے۔اس موقع پر چوہدری لطیف اکبر کے قریبی سیاسی رفقاء اور قانونی مشیروں نے رائے دی ہے کہ وہ قانون اور آئین کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور تمام معاملات کو قانونی اور جمہوری طریقہ کار کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنان اور حامیوں کو کسی قسم کی مایوسی کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے اپنے حقوق کا دفاع کیا جائے گا۔انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ حوصلہ بلند رکھیں، اتحاد و نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور افواہوں یا منفی پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی حمایت اور قانونی دلائل کی بنیاد پر یہ انتخاب بھرپور انداز میں لڑا جائے گا اور تمام آئینی و جمہوری ذرائع استعمال کرتے ہوئے اپنا موقف کامیابی سے پیش کیا جائے گا۔