چوہدری پرویزالہی ودیگر ملزمان کیخلاف ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ریفرنس کی سماعت کل ہوگی

107

لاہور۔10نومبر (اے پی پی):لاہور کی احتساب عدالت میں سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی و دیگر ملزمان کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں مالی کرپشن کے درج ریفرنس کی سماعت کل منگل کوہوگی ۔عدالت نے ملزمان کو حاضری اور وکلاء کو دلائل کے لئے طلب کیا ہے۔لاہور احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی ریفرنس پر سماعت کریں گے۔اس کیس میں عدالت نے مونس الہی کو اشتہاری قرار اور ان کے اثاثہ جات منجمد کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ریفرنس میں پرویز الہی ، مونس الہی و دیگر ملزمان نامزد ہیں۔

نیب لاہور نے پرویز الہی سمیت دیگر کے خلاف1 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے،جس کیمطابق پرویز الہی ومونس الہی سمیت دیگر ملزمان نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا اور پرویز الہی نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا۔