چٹا گانگ ۔16مئی (اے پی پی):سری لنکا کی ٹیم چٹاگانگ ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 397 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، اینجلو میتھیوز نے 199 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، بدقسمتی سے وہ ایک رن کے فرق سے ڈبل سنچری بنانے میں ناکام رہے، دنیش چندیمل 66 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے،
دیگر بیٹرز اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، نروشن ڈکویلا 3، رمیش مینڈس ایک، لاستھ ایمبلڈینیا صفر اور اسیتھا فرنینڈو ایک رن بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے، وشوا فرنینڈو 17 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، بنگلہ دیش کی جانب سے نعیم حسن نے کیریئر بیسٹ بائولنگ کی اور 6 کھلاڑی میدان بدر کئے،
شکیب الحسن نے تین جبکہ تیج الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیشی اوپنرز نے اچھا آغاز کرتے ہوئے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 76 رنز بنا لئے، تمیم اقبال 35 اور محمود الحسن 31 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔