اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ چکدرہ دیر چترال موٹروے کا جلد کام شروع کریں گے،پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ملین ٹری کا نام لینے سے قاصر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعظم سے میری ملاقاتیں ہوئی ہیں ،وزیراعظم اور چیئرمین واپڈا کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے چشمہ لفٹ کنال کےلئے 19ارب روپے رکھے۔انہوں نے کہا کہ اس سال افتتاح کریں گے، فوائد ہوں گے ،پروجیکٹ کی تکمیل سے صوبہ خیبر پختونخواپاکستان سمیت باہر بھی گندم دے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چکدرہ دیر چترال موٹروے کا جلد کام شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور سے اسلام آباد آیا ، کچھ ملاقاتیں تھیں ۔گورنر کے پی کے نے کہا کہ بجٹ پر مختلف پارٹیوں کی مختلف رائے تھی ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں سکیورٹی کے حالات سب کے سامنے ہیں ،وزیر اعلیٰ ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلائیں، بریفنگ لیں اور صوبائی کابینہ کا ہنگامی اجلاس بلائیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نئی حکومت بلین ٹری کا نام لینے سے قاصر ہے ،بلین ٹری منصوبہ کہاں ہے کوئی پتہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تعلیم کی بڑی بات کرتی ہے ،صوبے کی 26یونیورسٹیز میں وائس چانسلر نہیں ہیں ،پوری کوشش ہے خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل کو حل کریں اور حقوق دلوائیں اس کے لئے ایک ٹاسک فورس بنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ماہرینِ تعلیم کو بٹھائیں گے کہ ہم نظام تعلیم کو مزید کیسے بہتر کر سکتے ہیں۔