چھاتی کے سرطان کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص اور علاج سے خواتین کی اموات کم کی جاسکتی ہے، خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کا چھاتی کے سرطان کی آگاہی مہم کے حوالے سےتقریب سے خطاب

321

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں چھاتی کے سرطان سے خواتین کی ہونے والی اموات کو کم کرنے کے لئے بھرپور آگاہی مہم اور اقدامات کی ضرورت ہے، چھاتی کے سرطان کے تدارک کیلئے بروقت آگاہی مہم، احتیاطی تدابیر اور علاج بہت ناگزیر ہے، یہ مہلک مرض انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے، پڑھی لکھی خواتین، ذرائع ابلاغ، تعلیمی ادارے اور سرکاری و غیر سرکاری ادارے چھاتی کے سرطان کی آگاہی مہم میں ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں چھاتی کے سرطان کی آگاہی مہم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں طبی ماہرین، سفارت کاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ خواتین کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں چھاتی کے سرطان کی تاخیر سے تشخیص کے باعث بڑے پیمانے پر جانوں کا ضیاع ہوتا ہے اور بڑی تعداد میں خواتین اس سے متاثر ہوتی ہیں جو باعث تشویش ہے، خواتین کو اس مہلک مرض سے بچانے کیلئے آگاہی مہم چلائی جارہی ہے، بھرپور قومی آگاہی مہم کے نتیجہ میں چھاتی کے سرطان کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔