سیالکوٹ ۔27 جون (اے پی پی):عالمی یومِ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (MSMEs) کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ معروف صنعتکار اور کاروباری رہنما چوہدری محمد عاصم باجوہ نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔اپنے خطاب میں چوہدری محمد عاصم باجوہ نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی عالمی معیشت میں اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے نہ صرف لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرتے ہیں بلکہ یہ معاشی خودمختاری، جدت اور پائیدار ترقی کے اہم ستون بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں ایم ایس ایم ایز کا کردار انتہائی کلیدی ہے کیونکہ یہ کاروبار مقامی وسائل کو بروئے کار لا کر معیشت کو مضبوط بناتے ہیں۔انہوں نے پالیسی سازوں سے مطالبہ کیا کہ چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے آسان قرضوں کی فراہمی، ٹیکس میں ریلیف اور جدید تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ یہ طبقہ مزید ترقی کرے اور ملکی معیشت میں اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کر سکے۔تقریب میں مختلف کاروباری شخصیات، نوجوان کاروباری افراد، تعلیمی ماہرین اور مقامی صنعتکاروں نے شرکت کی۔