چھٹی عالمی انٹرنیٹ کانفرنس آئندہ ماہ چین میں ہوگی

88

بیجنگ ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) چھٹی عالمی انٹرنیٹ کانفرنس 20 اکتوبرکو چین کے صوبہ جے جیانگ کے قصبہ وو چن میں منعقد ہوگی۔اس کانفرنس میں پوری دنیا سے ڈیڑھ ہزار سرکاری عہدیدار ، عالمی تنظیموں کے نمائندے ،اعلی سطحی ماہرین، سکالرز اور کاروباری شخصیات شرکت کریں گی۔چین میں انٹرنیٹ انفارمیشن کے قومی دفتر کے نائب سربراہ لیو لیے ہونگ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ موجودہ کانفرنس میں ایک فورم اور لائٹ آف دی انٹرنیٹ نامی ایکسپو شامل ہوگی۔فورم میں فائیو جی ، مصنوعی ذہانت ،دی انٹرنیٹ آف تھنگز سمیت نئی ٹیکنالوجی اور نئے ترقیاتی رجحانات پر بحث کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ لائٹ آف دی انٹرنیٹ ایکسپو میں پوری دنیا میں انٹرنیٹ سے منسلک جدید ترین اشیا،نئی ٹیکنالوجیز اور انہیں استعمال کرنے کے نئے طریقہ کارپیش کئے جائیں گے۔ اس نمائش میں انٹرنیٹ کے کاروبار سے منسلک عالمی سطح کے تقریباً چھ سو ادارے شرکت کریں گے۔اس کانفرنس کے دوران عالمی انٹرنیٹ کانفرنس کا بلو پیپر بھی جاری کیا جائے گا۔ اس میں گذشتہ پچیس برسوں میں چین کی انٹرنیٹ کی ترقی اور پچاس برسوں میں عالمی انٹرنیٹ کی ترقی پر تحقیق اور تجزیے شامل ہوں گے۔