اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):پاک بحریہ نے یومِ دفاع و شہدا پاکستان عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا۔دن کا آغاز بحریہ کی تمام مساجد میں ملکی سالمیت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں سے ہوا ۔اس موقع پر 1965ء کی جنگ کے شہدا کے ایصال ِثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی ۔
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں جنگ ستمبر کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دشمن کی کھلی جارحیت کو پسپا کیا تھا ۔یہ دن مادر وطن کے دفاع کے لیے ہمارے اتحاد اور قربانی کے جذبے کی تجدید کا دن ہے ۔یہ یادگار دن قوم اور مسلح افواج کے ناقابل تسخیر رشتے کی بھی علامت ہے۔نیول چیف نے اپنے بحری محافظوں کے کارہائے نمایاں اور لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نیول چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بحری سرحدوں کے دفاع اور سمندری تجارتی راستوں کی حفاظت کے لئے پاک بحریہ ہمہ وقت تیار ہے۔ وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائےاور شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔
مختلف فیلڈ کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں بھی شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ بحریہ کے تمام یونٹس اور تنصیبات میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں ۔اس موقع پر پاک بحریہ کے تمام جہازوں اور یونٹس کی بحری روایات کے مطابق تزئین و آرائش کی گئی۔