چھ ستمبر 1965 کو پاک افواج نے دشمن پر واضح کردیا کہ ہم آزادی کی حفاظت کرنا بخوبی جانتے ہیں،وزیر اعلی محمودخان

130
محنت کش طبقے کی عزت وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ، عالمی یوم مزدور پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا پیغام

پشاور۔05 ستمبر(اے پی پی)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 پاکستانی قوم کیلئے ایک تاریخی دن ہے جب پاک افواج نے دشمن پر واضح کردیا تھا کہ اگر ہم اسلام دشمن قوتوں کی شدید مزاحمت کے باوجود آزادی حاصل کر سکتے ہیں تو اس آزادی کی حفاظت کرنا بھی بخوبی جانتے ہیں، دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے اورکشمیر پر قبضہ کرنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روزیوم دفاع پاکستان کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں کیا۔ محمودخان نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو پاک افواج نے دشمن کی جارحیت کا نہ صرف منہ توڑ جواب دیا بلکہ پاکستان کی بقاءو سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کے دن مسلح افواج اور پاکستانی قوم کا جذبہ دیدنی تھا اور آج اسی جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تاریخ پاکستانی قوم میں ایک نیا جذبہ پیداکرتی ہے اور دنیا اس بات کو مان لے کہ پاکستانی قوم اپنے ملک کی حفاظت, ترقی اور خوشحالی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتی. محمود خان نے اس موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام مسئلہ کشمیر میں حکومت پاکستان اور پاک فوج کے موقف کی بھر پور حمایت کرتے ہےں،ہم نہ صرف کشمیر ی عوام کے حق خود ارادیت کےلئے آواز اٹھاتے رہیں گے بلکہ آخری حد تک جانے کو تیار ہےں۔ وزیراعلی نے کہا کہ دنیا مسئلہ کشمیر کو آسان نہ لے، انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے اس مسئلہ کی نزاکت اور حساسیت کو سمجھےں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی سرکار کی احمقانہ حرکتیں پورے خطے کا امن تباہ کر سکتی ہےں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن کے لئے ہماری کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے اگر مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی چاہت کے مطابق حل نہ کیا گیا اور ہمیں لڑائی کرنا پڑی تو خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے. وزیراعلی نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو ایک نئے انداز کیساتھ دنیا میں اُجاگر کیا ہے ۔