چہلم حضرت امام حسین و حضرت داتا گنج بخش کے سالانہ عرس کے موقع پر سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے ،سی سی پی او

87
حضرت داتا گنج بخش کے سالانہ عرس

لاہور۔7ستمبر (اے پی پی):کیپٹل سٹی پولیس آفیسر بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے چہلم حضرت امام حسین و حضرت داتا گنج بخش کے سالانہ عرس کیلئے سکیورٹی کے موثر انتظامات کیے ہیں ۔

لاہور پولیس کی جانب سے 20صفر کی مناسبت سے عزاداران و زائرین کی حفاظت کیلئے 3 درجاتی سکیورٹی حصار کو یقینی بنایا گیا اور عزاداروں اور زائرین کو مکمل تلاشی کے بعد ہی جلوس میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ جمعرات کو جاری بیان میں سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مرکزی جلوس کے روٹ میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ۔

انہوں نے متعلقہ پولیس افسران و منتظمین کو ہدایت کی کہ عزاداری جلوس کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں، ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ ہوکر ڈیوٹی کریں اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس ٹیمیں مرکزی عزاداری جلوس کے روٹ،داتا دربار اور ملحقہ سڑکوں پر موثر پٹرولنگ کریں۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ عزاداروں اورزائرین کی سکیورٹی یقینی بنانے اور چیکنگ کیلئے واک تھرو گیٹس،میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرک ڈیوائسسزکا استعمال یقینی بنایا گیا اور مرکزی عزاداری جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی گئی ۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت لاہورپولیس کی اہم ذمہ داری ہے اور لاہور پولیس قیام امن کیلئے ہمہ وقت الرٹ ہے۔