چیئرمین ایف بی آر کا آئی آر ایس کے افسروں کے 50 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب

78
Chairman FBR's
Chairman FBR's

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کی 50 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کی پاسنگ آوٹ تقریب ان لینڈ ریونیو سروس اکیڈمی لاہور میں منعقد ہو ئی۔ اس موقع پر چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)ملک امجد زبیر ٹوانہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایف بی آر کے سابق چیئرپرسنز اور ایف بی آر کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے افسران کو ایس ٹی پی کو کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارک باد دی اور اُن کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس وصولی اور کمپلائنس کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ رواں مالی سال کا محصولات جمع کرنے کا ہدف پورا کرلیا جائے گا۔ انہوں نے ملک بھر میں ٹیکس قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانے میں آئی آر ایس کے افسران کی کوششوں کو سراہا۔ چیئرمین ایف بی آر نے افسران کو بہترین تربیت دینے پر ڈائریکٹر جنرل آئی آر ایس اکیڈمی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے مسلسل سیکھنے اور ترقی کے عمل کی اہمیت پر زور دیا اور اُمید ظاہر کی کہ افسران اپنی صلاحیتوں کو پاکستان میں ٹیکس ایڈمنسٹریشن کو بہتر بنانے کے لئے استعمال کریں گے۔ تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کی بنا پر پاس آوٹ ہونے والے افسران میں اسناد اور اعزازات بھی تقسیم کئے گئے۔

سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام ایک سخت تربیتی پروگرام ہے جو ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کو اپنے فرائض بہتر انداز میں سرانجام دینے کے لئے ضروری مہارتوں اور علم سے آراستہ کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ایس ٹی پی کے 50 ویں بیچ میں ان لینڈ ریونیو سروس کے پچیس افسران شریک تھے۔ پاسنگ آوٹ تقریب کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی جس سے فارغ التحصیل ہونے والے افسران کی زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز ہو گیا ہے۔ افسران فیلڈ دفاتر میں اسسٹنٹ کمشنر آئی آر ایس کے طور پر تعینات کئے جائیں گے اور ٹیکس قوانین اور کمپلائنس کو یقینی بنانے کے لئے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔