اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے انتظامی معاملات میں ایف بی آر کے افسران اور عملہ کی طر ف سے اثر و رسوخ استعمال کرنے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے آئندہ اثر و رسوخ استعمال کرنے والے افسران اور عملہ کو فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف متعلقہ قواعد اور قانون کے تحت تادیبی کارروائی شروع کرنے کی تنبیہ دی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نے تمام ممبران، چیف کمشنرز، چیف کلکٹرز اور دیگر متعلقہ حکام کے نام مکتوب میں کہا ہے کہ ایف بی آر کے افسران اور عملہ کی طرف سے پسند کی پوسٹنگ حاصل کرنے کے لئے اثر و رسوخ استعمال کرنا تشویش ناک امر ہے۔
چیئرمین نے کہا کہ اپنی مرضی کی پوسٹنگ کے حصول کا رجحان ادارے کی ساکھ کے لئے نقصان دہ ہے اورمڈ لیول افسران کی طرف سے اثرو رسوخ کے استعمال سے پسند کی پوسٹنگ حاصل کرنے کی کوشش جونیئر افسران کے لئے اچھی مثال نہیں ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ پسند کی پوسٹنگ کے لئے اثر و رسوخ استعمال کرنا گورنمنٹ سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 1964 اور سول سرونٹس(ای اینڈ ڈی)رولز 2020 کے تحت مس کنڈکٹ میں آتا ہے،مس کنڈکٹ کا ارتکاب ملازمت کے خاتمہ پر منتج ہو سکتا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ آئندہ اثر و رسوخ استعمال کرنے والے افسران اور عملہ کو فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف متعلقہ رولز اور قانون کے تحت تادیبی کارروائی شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکل حالات سے دوچار افسران اور عملہ اپنے تبادلہ کے لئے دستاویزات کے ساتھ اپنی درخواست متعلقہ کمیٹی کو غور کرنے کیلئے ای میل کر سکتے ہیں۔