چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے ای کچہری کا انعقاد، ٹیکس دہندگان سے براہ راست ٹیلی فون کالز وصول کیں

103
چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے جمعرات کے روز ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں ٹیکس دہندگان کو ٹیکس کمپلائنس میں سہولت فراہم کرنے اور ٹیکس سے متعلق ان کے خدشات کو دور کرنے کے لئے ای کچہری منعقد کی۔اس موقع پر انہوں نے ٹیکس دہندگان سے براہ راست ٹیلی فون کالز وصول کیں اور ان کے مسائل سنے۔ چیئرمین نے ٹیکس دہندگان کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کے لئے متعلقہ دفاتر کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔

اُنہوں نے ٹیکس دہندگان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے قریبی علاقائی ٹیکس دفتر اور کلکٹریٹ آف کسٹمز کا دورہ کریں تا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے سے متعلق اُن کے خدشات کو جلد دور کیا جا سکے، اس سلسلے میں ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے فیلڈ فارمیشنز کو پہلے ہی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کی جانب سے دی گئی تجاویز کو بھی سراہا اور انہیں یقین دلایا کہ ٹیکس پالیسیوں کی تشکیل اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے دوران ان کی قابل قدر تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ملک بھر میں ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام ممکن کوششیں کررہا ہے،ای کچہری نہ صرف ٹیکس دہندگان کو اُن کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے بلکہ ٹیکس کمپلائنس اور آئوٹ ریچ کو بھی فروغ دیتی ہے، اس سے فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی پر نظر رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔