چیئرمین این ڈی ایم اےکا اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے سینڈائی فریم ورک کے وسط مدتی جائزہ سیشن سے خطاب

57

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے سینڈائی فریم ورک کا عملی جائزہ لینے اور کورس کی اصلاح میں اٹھائے جانے والے اقدامات کی نشاندہی کرنے کی ضرورت کو پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کامیابی کے ساتھ مشترکہ تجربات سے سیکھنے اور ارلی وارنگ سسٹم اور موسمیاتی تبدیلی کے تخمینے کے لئے تکنیکی سسٹم بنایا جائے جو بغیر کسی رکاوٹ کے سب کے لئے دستیاب ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز، نیویارک میں آفات کے خطرات کے تدارک سے متعلق سینڈائی فریم ورک کے وسط مدتی جائزے کے دوران کیا۔وہ سینڈائی فریم ورک کے وسط مدتی جائزہ میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے اقوام متحدہ کے دفتر برائے آفات کے خطرے میں کمی (یو این ڈی آر آر )کے تحت عالمی اور علاقائی اقدامات کی مالی اعانت کے لئے پاکستان کی جانب سے تجاویز پیش کیں تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سینڈائی فریم ورک کی توقعات پر پورا اترنے، آفات کے خطرے میں کمی کے کامیاب تجربات کو نقل کرنے اور خطرات کو کم کرنے کے علاوہ ممکنہ آفات سے نمٹنے کے لئے استحکام پیدا کرنے کے لئے فعال اقدامات کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے پاکستان میں گزشتہ سال کے تباہ کن سیلا ب جس نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا اور اس کے نتیجہ میں اہم جانی و مالی نقصانات ہوئے اس دوران عالمی شراکت داروں کی مدد کی تعریف کی۔

انہوں نے سیلاب 2022 کے دوران بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں حکومت پاکستان اور بالخصوص پاک فوج کے شاندار عزم کا ذکر کیا۔ آخر میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے خطے اور دنیا کے لئے ایس ایف ڈی آر آر سے چلنے والے بیلنس ریکوری پلان کی کامیابی کے لئے پاکستان کی جانب سے عزم کا اعادہ کیا۔