اسلام آباد ۔ 3 جون (اے پی پی)چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے وفد کے ہمراہ پیر کو ملاقات کی۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا کہ آسٹریلیا خشک سالی کے تدارک اور آبی ذخائر کی تعمیر میں پاکستان کو فنی و تکنیکی معاونت فراہم کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور رسک مٹیگیشن کے حوالہ سے دو طرفہ تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ آسٹریلیا کا پاکستان میں انسانی بہبود و ترقی کے منصوبہ جات میں کردار مثالی ہے۔ پاکستان طویل مدتی اور پائیدار ترقی کے منصوبہ جات میں آسٹریلیا کے کردار کا خیر مقدم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا این آئی ڈی ایم کو عالمی معیار کی یونیورسٹی بنانے میں معاونت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان قدرتی آفات کے خطرات کے تدارک اور نقصانات میں کمی لانے کے حوالہ سے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دیں گے۔