اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے 30 افغان فیکلٹی ممبران جو کہ ایچ ای سی افغان پراجیکٹ کے تحت نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں تین ہفتوں کے صلاحیت سازی کے پروگرام میں شرکت کر رہے ہیں، کے ساتھ تبادلہ خیال کے سیشن کا انعقاد کیا۔
جمعہ کو ایچ ای سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر چیئرمین نے افغان فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ ماسٹر ٹرینرز کے طور پر کام کریں اور سیکھنے کے عمل کو جاری رکھنے کے لئے استعداد سازی کے ذریعے حاصل کردہ معلومات کو اپنے ساتھیوں اور دیگر ماہرین تعلیم تک پہنچائیں۔ فیکلٹی ممبران نے افغان تدریسی عملے کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے ایچ ای سی کے اقدام کو سراہا اور مستقبل میں مشترکہ تحقیق اور منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی۔
پاکستان میں ای-لائبریری کی سہولیات کو سراہتے ہوئے افغان فیکلٹی نے کہا کہ وہ اس کو سیکھنے میں دلچسپی رکھتے تھے ۔ افغان قوم کے عزم کو تسلیم کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد نے افغان فیکلٹی کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ بہتر تحقیقی تعاون کے لئے عوام سے عوام کے درمیان رابطہ قائم کریں، جنوبی ایشیائی فورم کے ذریعے پالیسی ان پٹ اور افغان نوجوانوں میں مثبت پیغام پھیلانے کے لئے پاک افغان دوطرفہ تعلقات کو اعلیٰ سطح کے ذریعے مضبوط کریں۔