چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کا چکوال کے مارکنگ سینٹرز کا معائنہ، شفافیت اور میرٹ پر زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ

چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کنٹرولر امتحانات پروفیسر تنویر اصغر اعوان کے ہمراہ ضلع چکوال کے مختلف میٹرک و انٹرمیڈیٹ مارکنگ سینٹرز اور پریکٹیکل امتحانی لیبارٹریز کا اچانک دورہ کیا اور امتحانی عمل، مارکنگ کے معیار، شفافیت اور بورڈ کے جاری کردہ ضابطہ کار پر عملدرآمد کا جائزہ لیا

راولپنڈی ۔17جولائی (اے پی پی):چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کنٹرولر امتحانات پروفیسر تنویر اصغر اعوان کے ہمراہ ضلع چکوال کے مختلف میٹرک و انٹرمیڈیٹ مارکنگ سینٹرز اور پریکٹیکل امتحانی لیبارٹریز کا اچانک دورہ کیا اور امتحانی عمل، مارکنگ کے معیار، شفافیت اور بورڈ کے جاری کردہ ضابطہ کار پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔دورہ کے دوران چیئرمین نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر ایک چکوال اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر ایک چکوال میں قائم میٹرک مارکنگ سینٹرز جبکہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار گرلز چکوال میں قائم انٹرمیڈیٹ مارکنگ سینٹر کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مارکنگ کے طریقہ کار، ریکارڈ، امتحانی انتظامات اور جانچ کے معیار کا جائزہ لیا۔چیئرمین نے بیالوجی، کمپیوٹر سائنس اور جغرافیہ کی پریکٹیکل لیبارٹریز میں جاری امتحانات کا بھی معائنہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات، امتحانی نظم و ضبط اور بورڈ کی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ہیڈ ایگزامینرز، سب ایگزامینرز اور پریکٹیکل ایگزامینرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں اور بورڈ کے ضابطہ کار پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں۔پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کہا کہ ہر امیدوار کو صرف اس کی علمی استعداد، عملی کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر نمبر دئیے جائیں، کیونکہ امتحانی نظام پر عوامی اعتماد شفاف اور منصفانہ جانچ سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے مطابق غیر معیاری مارکنگ، غفلت، جانبداری یا کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔چیئرمین تعلیمی بورڈ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امتحانات، مارکنگ اور پریکٹیکل جانچ کے تمام مراحل میں شفافیت، میرٹ، معیار اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ طلبہ کو ان کی حقیقی صلاحیت کے مطابق نتائج فراہم کیے جا سکیں۔