تاریخی گھنٹہ گھر اور حسین آگاہی بازار کی بحالی کا منصوبہ جلد مکمل ہوگا، ڈپٹی کمشنرملتان

ڈپٹی کمشنرڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا ہے کہ ملتان کو ترقی یافتہ اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے میگا بیوٹیفکیشن منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے،“روشن اور خوبصورت ملتان” پروگرام کے تحت تاریخی گھنٹہ گھر اور حسین آگاہی بازار کی بحالی و بیوٹیفکیشن کا منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا

ملتان۔ 17 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا ہے کہ ملتان کو ترقی یافتہ اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے میگا بیوٹیفکیشن منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے،“روشن اور خوبصورت ملتان” پروگرام کے تحت تاریخی گھنٹہ گھر اور حسین آگاہی بازار کی بحالی و بیوٹیفکیشن کا منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں شہر اولیا میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ محکموں اور کنٹریکٹرز کے مشترکہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حسین آگاہی بازار ملتان کی تاریخی، ثقافتی اور تجارتی شناخت کا اہم مرکز ہے، جس کی جدید خطوط پر بحالی سے نہ صرف شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ڈاکٹر فیصل سلیم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران ٹریفک کی روانی، صفائی ستھرائی اور پیدل چلنے والوں کی سہولت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ عوام اور تاجر برادری کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو، اس کے لیے تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد تاریخی گھنٹہ گھر اور حسین آگاہی بازار نہ صرف اپنی تاریخی شان برقرار رکھیں گے بلکہ ایک جدید، منظم اور دلکش تجارتی مرکز کی صورت میں شہریوں اور سیاحوں کے لیے مزید پرکشش بن جائیں گے۔