خیبر پختونخوا چیمپئن لیگ کل لانچ ہوگی، گورنر فیصل کریم کنڈی نے انتظامات کا جائزہ لیا

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا چیمپئن لیگ کے انتظامات کا جائزہ لینے کےلیے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور کا دورہ کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران خیبر پختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

پشاور۔ 17 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا چیمپئن لیگ کے انتظامات کا جائزہ لینے کےلیے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور کا دورہ کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران خیبر پختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ گورنر نے کل اٹھارہ جولائی کو شام چھ بجے منعقد ہونے والی کے سی ایل لانچنگ تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ صوبہ خیبر پختونخوا کی چیمپئن لیگ لانچ کررہے ہیں، یہ اس صوبہ میں صرف کرکٹ کے فروغ ہی نہیں بلکہ صوبہ میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور ہسپتال ویران کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے کے سی ایل کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ میں اس حوالہ سے صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے تعاون اور کردار کو بھی سراہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس لیگ کے انعقاد سے خیبر پختونخوا میں انٹرنیشنل کرکٹ کےلیے بھی دروازے کھلیں گے، میں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے اپیل کی ہے کہ ایبٹ آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کی ماؤں، بہنوں، بیٹوں، بھائیوں، بچوں اور بزرگوں کو دعوت ہے کہ وہ کل چھ بجے کرکٹ اسٹیڈیم آئیں ،یہاں میوزیکل کنسرٹ بھی ہوگا، کے سی ایل کی لانچنگ تقریب سے لطف اٹھائیں۔